محموداچکزئی قومی اسمبلی،اعظم سواتی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرنامزد

اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی جبکہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لیے اعظم سواتی کونامزد کردیا۔سلمان اکرم راجا نے میڈیا کو بتایاکہ بانی پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کر دیے۔

بانی پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا،سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعظم خان سواتی کو نامزد کیا گیا ہے، سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے پارٹی کو مشاورت کے ساتھ فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے، اس حوالے سے سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوگا ۔

دوسری جانب یہ بھی بتایاگیاتھاکہ گزشتہ روز علی بخاری ایڈووکیٹ سے ملاقات میں بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی کا نام تجویز کیا اور کہاکہ موجودہ حالات میں محمود اچکزئی مناسب رہیں گے تاہم حتمی فیصلہ سیاسی کمیٹی کرے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سیاسی کمیٹی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے اعظم سواتی اور علی ظفر کے ناموں کا جائزہ لے،سینیٹ کے لیے اعظم سواتی مناسب رہیں گے۔عمران خان نے علی بخاری ایڈووکیٹ سے ملاقات میں پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ پنجاب میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پارٹی 6 سے 7 نام تجویز کرے جائزہ لے کر بتاؤں گا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ سیاسی کمیٹی پر چھوڑ دیا۔ بانی پی ٹی آئی کے فیصلے سیاسی کمیٹی میں رکھے جائیں گے، حتمی فیصلے باہمی مشاورت سے ہوں گے۔