خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں نامعلوم مسلح افراد نے اچانک اندھا دھند فائرنگ کر کے 7 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو کر زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔یہ حادثہ کوہاٹ کے نواحی علاقے ریگی شینو خیل میں پیش آیا ۔ مقتولین تاندا ڈیم کے تفریحی مقام سے پکنک منا کر واپس آرہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے ہوئے حملہ آوروں نے ان پر شدید فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ اتنی شدید تھی کہ موقع پر ہی 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے، جبکہ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔پولیس نے اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں جاں بحق افراد کے لواحقین کی آہ و بکا سے فضا سوگوار ہوگئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق خڑہ گڑھی محمد زئی سے ہے۔ڈی پی او کوہاٹ زاہد اللہ خان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ گھر والوں کے مطابق ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کوہاٹ کے علاقے ریگی شینوخیل میں 7 افراد کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے، پولیس کی اولین ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔آئی جی خیبرپختونخوا نے کوہاٹ پولیس کو واقعے کے محرکات سے پردہ اٹھانے اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کردی۔