کراچی میں ٹریلر نے مزید 2 افراد کچل دیے، 24 گھنٹوں میں10 جاں بحق

مائی کلاچی روڈ پر ٹریلر کی زد میں آنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوئے جن میں ایک بچی، ایک بچہ اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مائی کلاچی پر ٹریلر کی زد میں آنے والا نوجوان اور خاتون ٹک ٹاکر تھے جو سی ویو سے واپسی پر حادثے کا شکار ہوئے۔

دوسری جانب نیٹی جیٹی فلائی اوور پر بائیک سوار نوجوان ٹریلر کی زد میں آکر جان سے گیا۔ادھر گلستان جوہر انڈر پاس میں بھی تیز رفتار کار کی زد میں آکر ایک راہگیر بچی اور ایک لڑکی جان سے چلے گئے جب کہ احسن آباد میں ایک شخص کو ٹرک کے ٹائروں تلے روند دیا گیا۔پولیس کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں واٹر ٹینکر نے بچے کو کچل کر ہلاک کردیا۔

اورنگی ٹاؤن نمبر 5 میں بھی نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوا۔ پولیس کا بتانا ہے کہ سپر ہائی وے رینجرز ٹریننگ اسکول کے سامنے نامعلوم گاڑی کی سوزوکی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ مزید برآں ہاکس بے روڈ پر بھی ٹریفک حادثے میں عرفان نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔