واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر پاکستانی عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ امریکا، انسدادِ دہشت گردی اور تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہتا ہے۔
مارکو روبیو نے مزید کہا کہ امریکا اور پاکستان نئے اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، جن میں اہم معدنیات، ہائیڈروکاربن اور کاروباری شراکت داری شامل ہیں۔ان کے مطابق اس تعاون سے دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحال مستقبل کی راہ ہموار ہوگی۔
یومِ آزادی کے موقع پر امریکی کانگریس کے ارکان اور یورپی یونین کی سفیر ریینا کیونکا نے بھی پاکستان کو نیک تمناؤں کے پیغامات بھیجے۔
کانگریس رکن جوڈی چو نے پاکستانی کمیونٹی کو امریکا کا فخر قرار دیا، جبکہ رکن کانگریس زولوف گرن نے کہا کہ سیلیکون ویلی پاکستانی امریکیوں کی سرگرم کمیونٹی کا گھر ہے۔
ٹیکساس سے رکن کانگریس پیٹ سیشنز اور امریکی کانگریس کے بلیک کاکس کی چئیرمین خاتون رکن کانگریس ایویتی کلارک نے بھی خیر سگالی کے پیغامات دیئے۔
امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی عوام اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔
امریکا کی جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے طلبا کی جانب سے پاکستان کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی گئی اور اس موقع پر قومی پرچم تھام کر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔
