حج 2025: پاکستانی حجاج کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں؟

اسلام آباد: رواں برس حج کے دوران پاکستانی حجاج کی شکایات سے وزیر مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں جواب جمع کرا دیا۔

رواں برس حج کے دوران پاکستانی حجاج کرام کو سب سے زیادہ کیا مشکلات پیش آئیں اور کتنے حجاج نے شکایات کیں۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرا دیا ہے۔

وزارت مذہبی امور کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق رواں برس پاکستانی حجاج کی جانب سے 3267 شکایات موصول ہوئیں۔

سب سے زیادہ 1322 حجاج کرام نے کمروں کی الاٹمنٹ اور صفائی وغیرہ سے متعلق شکایات کیں جب کہ 748 حجاج کی شکایات ٹرانسپورٹ مشکلات سے متعلق تھیں، جس میں بسوں کی تعداد، دیر سے آمد اور مزید اسٹاپ بنانے کے مطالبات پر مبنی تھیں۔

وزارت مذہبی امور کے تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ 689 حجاج نے کھانے کے معیار، مینیو، معالج، شوگر لیول سے متعلق شکایات کیں۔ 508 حجاج کرام ایسے بھی تھے جنہوں نے موبائل فون نیٹ ورک، ایپس اور وائی فائی سے متعلق شکایات کیں۔

تحریری جواب میں بتایا گیا ہے کہ یہ شکایات آن لائن اور براہ راست جمع کرائی گئیں جن کو دور کرنے کے لیے موثر نظام اپنایا گیا اور شکایتی دفتر حجاج کرام کی شکایات دور کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کرتے رہے۔