غزہ میں قتل عام تیز،خوراک کے متلاشی120فلسطینی شہید

غزہ :عالمی برادری کی بے حسی کے باعث غزہ میں صہیونی فوج کی جانب سے قتل عام کا سلسلہ تیز کردیا گیا،انسانی بحران کا شکار بھوکے پیاسے فلسطینیوں پر دجالی فوج کے تازہ حملوں میں مزید 120شہری جام شہادت نوش کرگئے جبکہ درجنوں شدید زخمی ہیں ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی غزہ میں اقوامِ متحدہ کی امدادی گاڑیوں کے منتظر شہریوں پر اندھا دھند فائرنگ سے 92 فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہو ئے۔غزہ میں اسرائیل کی ناکہ بندی کے باعث غذائی قلت کا شکار 35 دن کے نومولود سمیت دو بچے انتقال کرگئے، وزارت صحت غزہ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے میں بھوک کے باعث مزید 18 افراد شہید ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کی فلسطینی مہاجرین کی ایجنسی انروا نے کہا ہے کہ اس کے پاس تین ماہ کے لیے خوراک کا ذخیرہ موجود ہے، لیکن اسرائیل اسے غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہا۔فلسطین کے محکمہ صحت نے ایک دردناک اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ قابض اسرائیل کی جانب سے جاری تباہ کن حملوں میں غزہ کے مظلوم عوام کی قربانیوں کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ادھر حماس نے غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فوج کے کانوائے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی اورکئی ر ٹینک تباہ ہوگئے،صہیونی فورسز نے زخمیوں کو ہیلی کاپٹروںکے ذریعے جائے وقوعہ سے منتقل کیا۔

علاوہ ازیں قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں کئی علاقوں پر دھاوا بولتے ہوئے 30 سے زائد فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔الخلیل میں 9 شہری گرفتار کیے گئے جن میں علی عوض، یوسف عواد، خضر اطمیمہ، معتصم جیاوی، حازم جیاوی اور نادر ارزیقات شامل ہیں۔ یطا میں بھی گھر گھر چھاپے اور شدید جھڑپیں ہوئیں۔جنین میں لیث زیود، غانم طحا?نہ اور اسلام خمیسہ کو گرفتار کیا گیا۔ طولکرم کی ضاحیہ ذنابہ میں قابض فوج کے حملے میں تین فلسطینی زخمی ہوئے جن میں دو بزرگ شامل تھے۔بیت لحم، رام اللہ، نابلس اور قلقیلیہ میں بھی درجنوں گھروں پر چھاپے مارے گئے، جن میں نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین کو زد و کوب کیا گیا اور گھروں کی بے حرمتی کی گئی۔قلقیلیہ میں نوجوان مبین الحج حسن کو حراست میں لیا گیا، جب کہ سلفیت میں زریفة داود الدیک کو اس کے گھر سے اغوا کر لیا گیا۔

دریں اثناءمراکش میں ہزاروں افراد غزہ کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مراکش کے دارالحکومت رباط میں غزہ کی حمایت میں بڑی ریلی نکالی گئی جس دوران ہزاروں افراد نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مارچ کیا۔دارالحکومت رباط میں نکالی گئی ریلی میں فلسطینی پرچم لہراتے ہزاروں افراد نے غزہ سے اظہار یکجہتی کیا جب کہ احتجاج میں شامل مظاہرین نے اسرائیلی محاصرہ ختم کرکے غزہ میں جنگ بندی اور امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔دوران احتجاج مظاہرین نے مراکش حکومت سے اسرائیل سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔