اسلام آباد :پاکستان اور بھارت کے وزرائے دفاع کے درمیان گزشتہ ماہ ہونیوالے فوجی تصادم کے بعد پہلی مرتبہ آمنے سامنے ملاقات متوقع ہے، جب شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے عہدیداران مشرقی چین میں 2 روزہ اجلاس کے لیے جمع ہوں گے۔
ترکیہ کے خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی گلوبل کی رپورٹ کے مطابق یہ اجلاس چین کے شہر چھنگڈا میں شروع ہوا ہے جس کی میزبانی چینی وزیر دفاع ایڈمرل ڈونگ جون کررہے ہیں۔ چینی وزارت دفاع کے ایک بیان کے مطابق، یہ اجلاس ایسے وقت میں ہو رہا ہے، جب خطے میں، خاص طور پر مشرق وسطی میں، کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔
پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف کریں گے۔اجلاس کے دوران خواجہ آصف دیگر رکن ممالک کے ہم منصبوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے موقف کو اجاگر کریں گے۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی ایک اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کررہے ہیں ، اور وہ چین، روس اور دیگر شریک ممالک کے وزرائے دفاع کے ساتھ علیحدہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ایس سی او کا یہ اجلاس علاقائی و عالمی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی میں تعاون، اور رکن ممالک کے درمیان عسکری ہم آہنگی پر توجہ مرکوز کرے گا۔دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیردفاع خواجہ آصف اور بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں ہے۔ترک میڈیا کے مطابق ایس سی او اجلاس میں علاقائی و عالمی سلامتی، انسداد دہشت گردی تعاون اور عسکری روابط پر غور ہوگا۔
