گلگت کو شکست، چترال مسلسل آٹھویں بار پولو چیمپئن بن گیا

چترال ایک بار پھر گلگت کو شکست دے کر آٹھویں بار شندور پولو چیمپین بن گیا۔

دنیا کے بلند ترین پولو میدان شندور میں ہزاروں تماشائیوں کی موجودگی میں دونوں ٹیموں کے درمیان پولو فیسٹیول 2025 کا فائنل میچ کھیلا گیا۔ فائنل میچ میں چترال کی ٹیم نے  گلگت کی ٹیم کو 7 کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دی۔

رواں سال گلگت کی اے ٹیم نے گزشتہ سالوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ فائنل میچ میں چترال کی ٹیم نے دفاع کرتے ہوئے گلگت کی ٹیم کا مقابلہ کیا اور کئی گول بچائے۔

خیبرپختونخوا حکومت، گلگت بلتستان حکومت، پاک فوج اور فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا نارتھ کے تعاون سے شندور پولو فیسٹیول 20 تا 22 جون منعقد ہوا۔ آخری روز تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تھے۔

اختتامی تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں شائقین نے شرکت کی جن میں غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے حسبِ روایت پاک آرمی کی ایس ایس جی شہباز ٹیم نے فری فال جمپس کا مظاہرہ کیا، آرمی سکول آف فزیکل ٹریننگ ، کاکول کی ٹیم نے پیرا گلائڈنگ کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا۔