بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سندھ طاس معاہدہ بحال کرنے سے انکار کردیا اور کہا ہم وہ پانی جو پاکستان جا رہا تھا، نہر بنا کر راجستھان لے جائیں گے۔مودی سرکار کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، وزیر داخلہ امیت شاہ نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ پاکستان سے سندھ طاس معاہدہ کبھی بحال نہیں کریں گے اور یہ معاہدہ کبھی بحال نہیں ہو گا۔
بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم وہ پانی جو پاکستان جا رہا تھا، نہر بنا کر راجستھان لے جائیں گے، پاکستان کو وہ پانی نہیں ملے گا جو اسے ناجائز طور پر مل رہا تھا۔نئی دہلی اسلام آباد کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ کبھی بحال نہیں کرے گا، پاکستان جانے والے پانی کا رخ اندرون ملک استعمال کے لیے موڑ دیا جائے گا۔
مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف کیے گئے سخت اقدامات میں سرفہرست سندھ طاس معاہدہ کا خاتمہ بھی ہے۔ خیال رہے کہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت پاکستان کے حصے کا پانی روک ہی نہیں سکتا اس کے علاوہ اس کے پاس فی الوقت کوئی ایسا ذخیرہ یا وسائل نہیں جہاں وہ ان دریاؤں کے اس پانی کو جمع کر سکے اور اگر وہ کوئی ایسا منصوبہ شروع کرے بھی تو اس کو پورا کرنے کے لیے کئی سال درکار ہوں گے۔