بلوچستان کے ضلع بارکھان کے علاقے رکھنی میں دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے، جن میں سے4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔بلوچستان میں شرپسندوں کی جانب سے 2 مختلف جگہوں پر دھماکا خیز مواد کے ذریعے پْرتشدد کارروائیاں کی گئیں ، بارکھان میں بارودی مواد کے زریعے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ،مچھ میں بم دھماکے سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈیرہ غازی خان کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر بارکھان عبداللہ کھوسہ نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد مرکزی بازار میں کھڑی موٹرسائیکل میں نصب تھا، زوردارر دھماکے کے بعد قریبی دکانوں، عمارتوں اور ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔عبداللہ کھوسہ کے مطابق واقعے کے بعد بارکھان کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ پولیس، لیویز اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکہ بندی اور ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے اس سے قبل مچھ اورآب گم کے درمیان ریلوے ٹریک پر بم دھماکا ہوا جس میں ریلوے ملازم زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ریلوے ملازم کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسزنے دھماکے کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے شرپسندوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ادھرسیکورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خلاف 2انٹیلی جنس بیسڈ آپرئشنز کیے جس کے دوراں 5خوارج واصل جہنم ہوگئے جبکہ اسلحہ، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی بر آمدکرلیا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 15 اور 16 جون کے دوران بھارتی حمایت فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی موثر کارروائی میں 4ہندوستانی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے، جن میں خارجی حارث اور خارجی بصیر بھی شامل ہیں۔
شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ ایک اور آپریشن کے نتیجے میں مزید ایک خارجی مارا گیا۔آپریشنزکے دوران ہلاک خوارج سے اسلحہ، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، یہ ہلاک خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ ہندوستانی سپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں 2 مختلف کاروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کامیاب کاروائی کے دوران 5 خوارج ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ۔وزیراعظم شہبازشر یف نے بھی سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کی بدولت ہم ملک سے دہشتگردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کو معصوم اور نہتے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کی انتہائی سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور سیکورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بروقت آپریشنز کرکے 5 بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔