وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اقتدار اللہ کی امانت اور ایک ایک پائی عوام کی ہے۔ ہماری خدمت کا سفررکے گا نہیں۔صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں آئندہ مالی سال 2025-26 ء کے لیے پیش کردہ بجٹ کو ملک کی تاریخ کا لاثانی بجٹ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوامی خدمت کے عزم کو دہرایا اور کہا کہ یہ زیرو ٹیکس بجٹ ہے، لیکن اس کے باوجود صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پائی پائی عوام کی امانت ہے اور ہم اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں۔ مریم نواز شریف نے فنانشل ڈسپلن، ای ٹینڈرنگ اور گڈگورننس کی وجہ سے اسکینڈل فری ترقیاتی عمل کو حکومت پنجاب کی بڑی کامیابی قرار دیا۔وزیراعلی نے اعلان کیا کہ 700سڑکوں کی تعمیر و توسیع پر کام جاری ہے، جس سے 12 ہزار کلومیٹر سڑکوں کا نیٹ ورک مکمل ہوگا۔
تعلیم و صحت کے شعبوں میں بجٹ کی موجودہ سطح کو تاریخ کا سب سے بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فری میڈیسن ہر اسپتال میں فراہم کی جائے گی جب کہ اسکولوں میں تمام بنیادی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں 94نئے ترقیاتی پروگرامز اور 100منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جو ماضی میں کسی حکومت نے نہیں دیے۔
پچھلا بجٹ بھی ریکارڈ تھا، لیکن اب ہم اپنے ہی ریکارڈ توڑ رہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں 40 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر 40 سال میں نہ ہو سکی، لیکن ان کی حکومت مختصر وقت میں یہ ہدف حاصل کرے گی۔ عید کے موقع پر پورے صوبے میں صفائی کے ریکارڈ قائم کیے گئے، افسران خود سڑکوں پر نکلے، عوامی خدمت کو مشن سمجھ کر کام کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ٹیکس بڑھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جائے گی جب کہ سرکاری ملازمین کو کارکردگی کی بنیاد پر ایڈیشنل پرفارمنس بونس دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔بعد ازاںپنجاب کابینہ نے مالی سال 26-2025 کے لیے 5535 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں بجٹ الاوکیشن کی منظوری دی گئی، جبکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔