پاکستان میں 2025ء کے مون سون سیزن کے دوران بارشوں میں 13 فیصد اضافہ متوقع ہے، نکاسی آب کا ناکافی ڈھانچہ سیلاب کے خطرات اور معاشی نقصانات کو بڑھا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مون سون بارش کی 23جون کے آس پاس شروع ہونے اور ستمبر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے جس سے شہری علاقوں اور خاص طور پر کوہ سلیمان، سندھ، آزاد کشمیر ، کے پی کے، پنجاب اور اسلام آباد جیسے علاقوں میں سیلاب ا ور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ نکاسی آب کی فعال دیکھ بھال کے بغیر جیسے کہ ملبہ صاف کرنا اور رکاوٹیں ہٹانا ملک کو اہم اقتصادی اثرات کا سامنا ہے۔ آندھی، ژالہ باری اور موسلادھار بارش سے کمزور انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کے کھمبے، درخت، سولر پینلز اور گاڑیاں متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گابالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، شمال مشرقی بلوچستان اور پنجاب میں بارش کا امکان ہے۔چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔اتوار کو ملک بھر میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری تک جا پہنچاہے۔گزشتہ روز گجرات میں سب سے زیادہ 12 ملی میٹر بارش ریکارڈکی گئی ۔اسلام آباد، مری، سیالکوٹ، کالام، راولاکوٹ اور گوپس میں بارش ہوئی۔ تربت اور پسنی میں 49 ڈگری، جیکب آباد میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیاگیا۔
کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم گرم و مرطوب رہے گا اور شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کی ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 72 فیصد ہے۔ کراچی میں پیر اور منگل کو بارش کا امکان موجود ہے، پیر کو چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس سسٹم کے زیر اثر سندھ کے درج ذیل اضلاع میں کہیں کہیں گرد آلود آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گھوٹکی، سکھر، جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، شہید بے نظیر آباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، حیدرآباد، مٹیاری، ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور جامشورو۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 16 اور 17 جون کو ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش کے ساتھ گرد آلود آندھی کا امکان ہے۔