مزدور کے بچوں کواعلیٰ ترین ادارے میں مفت تعلیم دیں گے،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صنعتی اور مائنز ورکرز کے بچوں کیلئے اعلیٰ ترین تعلیمی ادارے میں مفت تعلیم کا اعلان کیا ہے، کارکنوں کے بچوں کو کامسیٹ یونیورسٹی کے 7کیمپسز میں داخلہ دیا جائے گا، فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب ورکر ویلفیئر فنڈ نے کارکنوں سے درخواستیں طلب کرلیںـ پنجاب میں ورکرز کے بچے کامسٹ یونیوررسٹی، اسلام آباد، سب کیمپسز ایبٹ آباد، واہ کینٹ، اٹک، لاہور،ساہیوال اور وہاڑی میں پڑھ سکیں گےـمعذور اور فوت شدہ ورکروں کے بچے کو بھی کامسٹ یونیورسٹی میں مفت تعلیم کی سہولت دی جائے گی ۔

رجسٹرڈ ورکر اسلا م آباد کیمپس میں 9جولائی، لاہور کیمپس 17جولائی، واہ کینٹ اور ایبٹ آباد میں 4، وہاڑی اور اٹک میں 11اور ساہیوال میں 15اگست تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیںـ درخواست فارم کے ساتھ ورکر کا قومی شناختی کارڈ ،رجسٹرڈ سرٹیفکیٹ، طالب علم کا قومی شناختی کارڈ یا بے فارم، سوشل سکیورٹی کارڈ یا اولڈ ایج بینیفٹ کی کاپی منسلک کرنا ہوگی۔

ادھرمریم نواز شریف نے فادر ڈے پراپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ باپ سائبان کی مانندخود دھوپ سہہ کر اپنی اولاد کو سائے میں رکھتا ہے۔باپ وہ ہستی ہے جو اولاد کو صرف جینا ہی نہیں بلکہ سر اُٹھا کر جینا سکھاتا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ اپنی اولاد سے محبت اور انکے حقوق پورے کرنے والے ہر باپ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔

باپ وہ چراغ ہے جو اولاد کے ہر اندھیرے میں روشنی بنتا ہےـمیرے والد محمد نواز شریف میرے رہنما، قائد، استاد اور طاقت ہیںـوزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ والد محترم محمد نواز شریف کی گود پہلا مکتب اور اُنکا سایہ وہ آسرا ہے جس نے مجھے ہر طوفان میں مضبوط رکھا۔محمد نواز شریف کی شخصیت میری سیاست اور سوچ کا محور ہیںـوزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ دعا گو ہوں کہ ہر بیٹے اور بیٹی کو ایسا باپ ملے جو خواب دیکھنے اور اُنہیں حقیقت میں بدلنے کا حوصلہ دے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہواؤں کا عالمی دن توانائی کے نئے سسٹم دریافت کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہوائوں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ونڈ انرجی ذرا سی منصوبہ بندی کے ساتھ بہت بڑا اثاثہ بن سکتی ہےـہوا کی قابل تجدید قوت سے بجلی کی پیداوار کے امکانات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔