بھارت، احمدآباد میں مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ، 242 افراد سوار تھے

بھارتی شہر احمد آباد میں مسافر بردار طیارہ گر کرتباہ ہوگیا۔ طیارے میں 242 مسافر سوار تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمدآباد میں ایئرپورٹ کے قریب مسافر طیارہ گر کرتباہ ہوا۔
بھارتی پولیس کے مطابق طیارہ ڈاکٹروں کے ہاسٹل کی عمارت پر گرا ہے، طیارے نے لندن کے لیے اڑان بھری تھی کہ گر کر تباہ ہوگیا۔
بھارتی سرکاری ایئرلائن کا طیارہ لندن جا رہا تھا، مسافر طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔
خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور7 پرتگالی مسافر سوار تھے، حادثے کا شکار طیارے میں 11 بچے بھی موجود تھے۔
طیارہ حادثے کے بعد متعدد ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں گجرات کے سابق وزیرِ اعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔

بلاول کی سفارتی مہم، امریکا کا ردعمل سامنے آگیا

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے شکار طیارے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر نے ایک بج کر 38 منٹ پر اُڑان بھری تھی۔
پرواز سے اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثے کے بعد احمدآباد ایئرپورٹ فی الحال آپریشنل نہیں، ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔