اسلام آباد : وزیر خزانہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں صحافیوں نے تکنیکی بریفنگ نہ دینے پر احتجاجاً واک آؤٹ کردیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی طرف سے وفاقی بجٹ کے موقع پر فنانس بل کے بارے میں ٹیکنیکل بریفنگ کی کئی دہائیوں سے قائم روایت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فنانس بل 2025ـ26 سے متعلق تکنیکی بریفنگ نہ دینے کے خلاف صحافیوں نے احتجاج کرتے ہوئے بدھ کو وزیر خزانہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا ۔
صحافیوں نے کہا کہ 20 سال سے بجٹ کے بعد صحافیوں کو ایک ٹیکنیکل بریفنگ دی جاتی ہے لیکن اس بار حکومت کی جانب سے اس روایت کو توڑا گیا ہے۔وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو صحافیوں کو منانے ٹاسک دے کر بھیجا مگر وہ ناکام رہے اور صحافیوں کے شدید احتجاج کے باعث معاملہ سنگین ہوگیا۔
بعد ازاں وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اپنے آفس سے پی بلاک پہنچے، وہ اپنے ساتھ چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال اور دیگر حکام کو لائے اور صحافیوں سے بات چیت کرکے معاملہ حل کروایا اور ٹیکنیکل بریفنگ نہ دینے پر معذرت کی۔ وزیر اطلاعات نے آئندہ ہرسال بجٹ کے موقع پر فنانس بل پر ٹیکنیکل بریفنگ کی روایت برقرار رکھنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد صحافیوں نے بائیکاٹ ختم کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ صحافی باہر گئے تھے تو میں بھی بیٹھ کر آپ کا انتظار کر رہا تھا، یہ میوچل ریسپیکٹ کی بات ہے۔
