اسلام آباد : وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سستی بجلی کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کر لی ہے، 9 ہزار میگا واٹ کے بجلی گھروں سے معاہدے ختم کر دیے ہیں۔
قومی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران تقریر کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ مستقل بنیادوں پر بہتری لانے کے لیے پاور سیکٹر میں گہری اور بنیادی اصلاحات لانا ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے آگے بڑھتے ہوئے فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی تین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کا تقریباً آدھا عمل مکمل کر لیا ہے اور ان کی نجکاری کے تمام ضروری لوازمات پورے کر لیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم نے بجلی کی ترسیل کے ادارے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کو موثر بنانے کے لیے اس کی تنظیم نو کی ہے اور اسے تین نئی کمپنیوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ یہ کمپنیاں مستقبل کے پراجیکٹس کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد کی ذمہ دار ہوں گی تاکہ بجلی کے ترسیلی نظام میں رکاوٹیں دور کی جاسکیں۔ اِن اداروں کو چلانے کے لیے عالمی معیار کے افراد تعینات کیے جائیں گے۔
