کیلیفورنیا (ویب ڈیسک): مائیکرو سافٹ کی مشہور زمانہ ایپ “نوٹ پیڈ” جسے طویل عرصے سے سادگی اور بغیر کسی فارمیٹنگ کے فوری تحریر کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، اب ایک بڑی تبدیلی سے گزر رہی ہے۔
اب ونڈوز 11 کے Canary اور ڈویلپر چینلز پر متعارف کرائی گئی نئی اپ ڈیٹ میں نوٹ پیڈ کو فارمیٹنگ فیچرز سے لیس کر دیا گیا ہے۔ جی ہاں، اب صارفین نوٹ پیڈ میں بولڈ، اٹالک اور کلک ایبل لنکس جیسے فیچرز استعمال کر سکیں گے۔
نئے ورژن میں نوٹ پیڈ کے روایتی “فائل”، “ایڈٹ” اور “ویو” آپشنز کے ساتھ ایک جدید فارمیٹنگ ٹول بار بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس ٹول بار کے ذریعے صارفین ٹیکسٹ کا اسٹائل بدل سکیں گے، فہرستیں بنا سکیں گے، سرخیاں شامل کر سکیں گے اور ویب لنکس بھی ایڈ کر سکیں گے۔
یہ تبدیلی اس لیے غیر معمولی ہے کیونکہ دہائیوں تک نوٹ پیڈ کو جان بوجھ کر ایک سادہ تحریری ایپ کے طور پر برقرار رکھا گیا تھا۔ تاہم، مائیکرو سافٹ کا کہنا ہے کہ جو صارفین سادگی کو ترجیح دیتے ہیں وہ اب بھی فارمیٹنگ فیچرز کو بند کرکے پرانے انداز میں نوٹ پیڈ استعمال کر سکتے ہیں۔