اسپیس ایکس نے امریکی خلائی فورس کے لیے جدید ترین نیویگیشن سیٹلائٹ “GPS III SV-08” کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ کردی ہے، جو عالمی نیویگیشن نظام کو مزید مؤثر اور محفوظ بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ سیٹلائٹ دوپہر 1:37 بجے فلوریڈا کے کیپ کینیورل اسپیس فورس اسٹیشن سے اسپیس ایکس کے فالکن 9 راکٹ کے ذریعے لانچ کی گئی۔
GPS III SV-08 سیٹلائٹ میں جدید M-Code ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جو اسے دشمن کی جانب سے جام کیے جانے سے آٹھ گنا زیادہ محفوظ بناتی ہے، جبکہ پوزیشننگ کی درستگی تین گنا بڑھا دیتی ہے۔ یہ خصوصیات خاص طور پر فوجی ضروریات کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں۔
اس مشن کی سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ اسے صرف تین ماہ میں مکمل کیا گیا — جو کہ قومی سلامتی کے مشنز کے لیے ایک نیا ریکارڈ ہے۔ عموماً اس نوعیت کے منصوبوں کی تیاری میں دو سال تک کا وقت درکار ہوتا ہے۔ اس برق رفتاری کا مقصد GPS نظام کو جلد از جلد جدید بنانا اور بڑھتے ہوئے خطرات کا بروقت تدارک کرنا ہے۔
GPS III SV-08 کی شمولیت سے موجودہ جی پی ایس سیٹلائٹ نیٹ ورک کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی، جس کا فائدہ نہ صرف فوج کو بلکہ دنیا بھر کے عام صارفین کو بھی ہوگا، کیونکہ انہیں اب مزید محفوظ، مستحکم اور درست نیویگیشن سروسز دستیاب ہوں گی۔