لاہور:پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور ملک احمد خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں ہمارے ساتھ بھرپور دھاندلی ہوئی، عمران خان کے بیٹے پاکستان آئیں گے ان پر سیاست کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ووٹ چوری کا سانحہ جس سے پاکستان گزر رہا ہے ریاست اور عام آدمی کے درمیان ووٹ رشتہ ہے، ہم ایسے ملک میں تو نہیں جہاں ڈکٹیٹر بیٹھا ہو، آٹھ فروری کو آئین پر حملہ ہوا اور پھر ڈاکا ڈالا گیا، ووٹ پر ڈاکا عوام اور ریاست پر حملہ ہے، پاکستان میں جمہوریت نہیں ڈھونگ ہے، ڈکٹیٹر شپ نے لبادہ اوڑھ رکھا ہے عدلیہ آزاد نہیں ہے کوئی جج آزاد نہیں ہے، سچ کو دیکھنے کی ہمت نہیں اس نظام میں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حق کی آواز بلند کرنا ہمارا فریضہ اس کو ہم ادا کر رہے ہیں، ڈاکا سمبڑیال کے عوام پر نہیں بلکہ پورے ملک کے عوام پر تھا، آج اسپتالوں میں صحت کی سہولیات نہیں ہیں، ہماری قوم کو علم سے دور رکھ کر مفلوج کیا گیا، یہی وجہ پاکستان میں جمہوریت بہت تھوڑے وقت کے لئے آئی۔
ملک احمد خان بچھر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آئیں گے ان پر سیاست کرنے پر کوئی پابندی نہیں، الیکشن ٹیسٹ تھا اس حکومت کا، پولیس گردی اور فسطائیت کی انتہا ہوگئی، ہمارے لوگوں کو گھسیٹ کر باہر نکالا گیا، انہوں نے بوگس ووٹ ڈالے ہیں، میں 3 پولنگ اسٹیشنز پر تھا جہاں ہمارا ریشو 20 فیصد تھا، نتیجہ آیا تو بی بی نے اپنے فوت ہونے والے والد سے بھی 20 ہزار زائد ووٹ لیے۔