سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد البسامی نے کہا ہے کہ 400 سے زیادہ جعلی حج کمپنیوں اور دفاتر کا سراغ لگایا گیا اور ان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
الاخباریہ کے مطابق مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران بتایا پرمٹ کے بغیر مکہ میں مقیم دو لاکھ پانچ ہزار افراد کو واپس کیا گیا جبکہ دو لاکھ 69 ہزار افراد کو مکہ میں داخلے سے روکا گیا۔
غیر قانونی عازمین کو لے جانے کی کوشش کرنے والے ایک ہزار239 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 75 ہزار سے زائد افراد پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ سکیورٹی حکام حج کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے ہرایک شخص کے تعاقب میں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا محکمہ امن عامہ نے حج ضوابط کی خلاف ورزی روکنے کے لیے مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں پر مستقل سکیورٹی پوسٹیں قائم کی ہیں۔
محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر صالح المربع نے بتایا بیرون ملک سے اب تک 14 لاکھ سے زیادہ عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں جبکہ روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ میں شامل ملکوں کی تعداد بڑھ کرآٹھ ہوگئی۔
مکہ مکرمہ کے یونیفائیڈ سکیورٹی آپریشنز سینٹر میں حج سکیورٹی فورسز کے کمانڈروں کی پریس کانفرنس میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر جنرل اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد بن عبداللہ البسامی کے علاوہ ریاستی سکیورٹی کے تحت سپیشل فورسز کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد بن مقبول العمری، ڈائریکٹر جنرل سول ڈیفنس میجر جنرل ڈاکٹر حمود بن سلیمان الفرج اور قائم مقام ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس میجر جنرل ڈاکٹر صالح بن سعد المربع موجود تھے۔
حج 2025 کے لیے سکیورٹی، ٹریفک اور تنظیمی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
