ڈارکابرطانوی،افغان ہم منصب سے رابطہ،تعاون کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد:پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل سمیت کثیرالجہتی فورمز پر دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہاکہ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور رواں ماہ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح اجلاسوں کے موقع پر ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔دریں اثناء اسحاق ڈار کا افغان ہم منصب امیر خان متقی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں جانب سے سفارتی تعلقات کو سفیروں کی سطح تک بڑھانے کے فیصلوں کا خیر مقدم کیا گیا۔

دو روز قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افغانستان میں اپنے سفارتخانے کو سفیر کی سطح پراپ گریڈ کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں افغانستان نے بھی گزشتہ روز اسلام آباد میں تعینات اپنے ناظم الامور کو سفیر کی سطح تک بڑھا دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا بتانا ہے کہ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے پاکستان کی جانب سے سفارتی تعلقات سفیر کی سطح تک بڑھانے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امیر خان متقی نے آگاہ کیا کہ افغانستان نے بھی اسی نوعیت کا قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا، انہوں نے اس پیشرفت کو دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے 19 اپریل کی ملاقات میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور باہمی اعتماد کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ ٹیلیفونک رابطے میں علاقائی روابط کے لیے ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کی اہمیت پر زور دیا گیا اور ازبکستان افغانستان پاکستان ریلوے منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے فریم ورک معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق بھی کیا گیا۔