اسلام آباد:عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کے آپریشن کے آخری روز سرکاری حج اسکیم کے تحت 86 ہزار 955 عازمین حجاز مقدس پہنچ گئے۔ آخری روز چار پروازوں سے 1305 عازمین مکہ مکرمہ پہنچے،پاکستانی عازمین حج کو سعودی عرب پہنچانے کا قومی آپریشن اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت عازمین کی مجموعی تعداد 88,260 ہوگئی۔یہ حج آپریشن 29 اپریل کو شروع ہوا تھا اور 33 روز تک جاری رہا۔ ابتدائی 15 دنوں میں زیادہ تر پروازیں مدینہ منورہ کے لیے چلائی گئیں، بعد ازاں عازمین کو مکہ مکرمہ روانہ کیا گیا۔
مجموعی طور پر اس آپریشن کے دوران 342 حج پروازیں چلائی گئیں۔نجی حج اسکیم کے تحت 25,698 پاکستانی حج ادا کریں گے۔ حج آپریشن میں پاکستان کی قومی ایئر لائن، نجی فضائی کمپنیاں اور سعودی ایئر لائنز نے حصہ لیا۔
دریں اثنا، منیٰ اور عرفات میں خیموں کی تنصیب، رہائش، خوراک اور دیگر انتظامات بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے 470 حج ناظمین تعینات کیے گئے ہیں جو ہر ناظم 188 عازمین کی رہنمائی اور معاونت پر مامور ہوں گے۔