Venus Super Sonic Plane

55 منٹ میں نیو یارک سے پیرس کا سفر ممکن


ویب ڈیسک

فضائی سفر کی دنیا میں ایک انقلاب آنے کو ہے۔ امریکا کی ایک ایرو اسپیس کمپنی نے ایسی ٹیکنالوجی کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو آواز کی رفتار سے بھی کئی گنا تیز سفر کو ممکن بنا دے گی۔

ٹیکساس کی کمپنی Venus Aerospace نے ایک منفرد انجن، روٹیٹنگ ڈیٹونیشن راکٹ انجن (RDRE) کا کامیاب ٹیسٹ کیا ہے۔ یہ انجن ایندھن جلانے کے بجائے گھومتے ہوئے دھماکوں سے توانائی پیدا کرتا ہے، جس سے رفتار میں حیرت انگیز اضافہ ممکن ہو جاتا ہے۔

یہ تجربہ 14 مئی کو نیو میکسیکو کے اسپیس پورٹ امیریکا میں کیا گیا، جہاں ایک چھوٹے راکٹ میں اس انجن کو نصب کر کے کامیابی سے اڑایا گیا۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ان کا تیار کردہ سپر سونک طیارہ عملی میدان میں آنے کے بعد صرف 55 منٹ میں نیو یارک سے پیرس پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے — وہ بھی روایتی 7-8 گھنٹوں کے سفر کے مقابلے میں۔

یہ پیش رفت نہ صرف ہوابازی بلکہ بین الاقوامی سفری سہولتوں میں بھی ایک نیا باب کھول سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیابی سے آگے بڑھتا ہے تو مستقبل میں دنیا کا کوئی بھی سفر صرف گھنٹوں یا منٹوں کی بات ہو سکتی ہے۔