افغان ہمارے بھائی، بھارت کے آلہ کار نہ بنیں،ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ افغان ہمارے بھائی ہیں، ان سے کہتا ہوں بھارت کے آلہ کار نہ بنو، دہشتگردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو، بھارت کی فوج اور قوم میں فاصلوں کی کوشش ناکام ہوگئی، پاکستان امن پسند ہے، امن ہمارا پہلا انتخاب ہے ،لیکن بھارت کی جانب سے دوبارہ جارحیت ہوئی توپہلے سے زیادہ شدید جواب دے گا۔

بھارت نے سوچا حملہ کریں گے تو پاکستان جواب نہیں دے گا، آہنی دیوار نے بھارت اور مودی کی تمام حکمت عملی کو غلط ثابت کیا، اسلام میں کفر اور حق آپس میں اکٹھے نہیں ہوسکتے،دہشت گرد ہندوستان کے پیروکار ہیں، یہ قوم اور فوج ہمیشہ سے ایک تھی اور ایک رہے گی۔وقت آگیا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے خیبر پختونخوا کی مختلف جامعات سے تعلق رکھنے والے 2500 سے زائد طلبہ کے ساتھ ایک ولولہ انگیز نشست میں شرکت کے موقع پر کیا ۔ڈی جی آئی ایس پی آر سے خصوصی ملاقات میں شرکت کی، جہاں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور قومی دفاع سے متعلق جذبات بھرپور انداز میں سامنے آئے۔تقریب کا ماحول وطن سے محبت کے جذبے سے لبریز تھا، ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار، ملی نغموں کی گونج،پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان جیسے فلک شگاف نعروں سے فضا گونجتی رہی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ایک مضبوط رشتہ رکھتے ہیں، دشمن سمجھتا تھا کہ یہاں عوام اور فوج میں دوری ہے، لیکن یہ قوم اور فوج ہمیشہ متحد رہی ہے اور ہمیشہ رہے گی۔انہوں نے حالیہ قومی اتحاد کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب دشمن نے حملے کا سوچا تو پاکستان کی قوم آہنی دیوار بن کر کھڑی ہو گئی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ انہوں نے سوچا ہم جواب نہیں دیں گے، لیکن آپ نے دیکھا کہ کس طرح پورا پاکستان اپنے ملک کے دفاع کے لیے متحد کھڑا ہوا۔ انہوں نے بعض شدت پسند بیانیوں کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ اسلام میں حق اور باطل کو ایک ساتھ ملانے کی کوئی گنجائش نہیں، اسلام کے نام پر کفر سے مدد لینے کی باتیں گمراہ کن ہیں، اسلام ایسی سوچ کی اجازت نہیں دیتا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ چھ اور سات کو جن ہوائی اڈوں سے جہازوں نے پاکستان کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، کہ مظفرآباد میں بھارتی شیلنگ سے 7سال کا ارتضی شہید ہوا، ہماری افواج نے ان ہی اڈوں کو نشانہ بنا کر تباہ کیا۔انہوں نے زور دیا کہ پاک فوج نے صرف دشمن کے عسکری اہداف کو نشانہ بنایا، کسی بھی سویلین آبادی، مندر یا بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچایا۔

ہم نے انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کا مکمل احترام کیا، کیونکہ ہمارا انتخاب پہلا ہمیشہ امن ہوتا ہے۔ فیلڈ مارشل نے فیصلہ کیا بھارت کے 26 مقامات پر ان کو جواب دوں گا۔ ترجمان پاک فوج نے بھارت پر دہشت گردی کی پشت پناہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی ہر دہشت گرد کارروائی کے پیچھے بھارت کا کردار نمایاں ہے۔

انہوں نے شدت پسند تنظیموں اور ان کے نظریات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ مساجد کو شہید کرتے اور بے گناہوں کو قتل کرتے ہیں، ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، پاکستان کے ہر شہید اور ہر خون کے قطرے کے پیچھے بھارت کا چہرہ نظر آتا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے زور دے کر کہا، ہمارا پہلا انتخاب امن ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے، مسئلہ ان کی اشرافیہ ہے، جن کو ہندوستانی پیسہ دیکر خریدتا ہے اور پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے، اپنے افغان بھائیوں سے کہتے ہیں کہ دہشت گردوں کو اپنے ملک میں جگہ نہ دو، تم بھارت کے آلہ کار نہ بنو۔

خیبر پختونخوا کے غیور، بہادر عوام اور قبائل سے کہتا ہوں، آج دوبارہ وقت آگیا ہے، کشمیر بنے گا پاکستان۔ اس موقع پر پختون طلبہ نے بھی بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کرتے ہوئے وطن سے اپنی وابستگی کا یقین دلایا اور دشمنوں کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو سخت جواب دیا جائے گا۔