فی گھنٹہ ایک لاکھ 7ہزار حجاج کے طواف کا انتظام، 9لاکھ حجاج پہنچ گئے

ریاض:ادارہ امور الحرمین الشریفین کے مطابق صحن مطاف میں حج ایام کے دوران عازمین کی سہولت کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ حج ایام کے دوران فی گھنٹہ ایک لاکھ 7ہزار حجاج طواف کر سکیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حج ایام کے دوران براہ راست صحن مطاف کو جانے والے مسجد الحرام کے مرکزی اور ذیلی دروازوں کو بھی مخصوص کیا ہے تاکہ حجاج کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ براہ راست مطاف میں پہنچ سکیں۔ادارہ امور حرمین نے ایامِ حج میں بالخصوص اژدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔

کراوڈ کنٹرولنگ یونٹس کی جانب سے مقررہ منصوبے کے مطابق عمل کیا جائے گا۔مسجد الحرام میں اژدحام کو کنٹرول کرنے کے لیے مسجد الحرام میں آمد ورفت کے لیے جدا راستوں کو مخصوص کیا گیا ہے جس کا مقصد مسجد الحرام میں داخل ہونے اور باہر نکلنے والوں کو ٹکراو سے محفوظ رکھنا ہے۔ادارے کی جانب سے کراوڈ کنٹرولنگ کی ٹیمیں مختلف مقامات پرتعینات اور کنٹرول روم سے مسلسل رابطے میں ہوں گی تاکہ حجاج کرام کو ازدحام والے مقامات سے دوسری جانب منتقل کیا جاسکے۔

ادھروزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 9 لاکھ 61 ہزار 903 سے زائد ہوچکی ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ عازمین ہوائی راستے سے آئے ہیں جن کی تعداد 9 لاکھ 12 ہزار598 ہے۔بری راستوں سے 45 ہزار عازمین آئے جبکہ سمندری راستوں کے ذریعے آنے والے عازمین کی تعداد 4277 رہی۔

وزارت نے کہا ہے کہ یہ سب ایک مربوط نظام کے تحت انجام دیا گیا ہے جس کی نگرانی حکومتی، سیکورٹی اور خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے ماہرین کر رہے ہیں۔حرمین انتظامیہ کے تحت دینی امور کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبد اللہ بن حمید یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ شیخ ڈاکٹر صالح بن حمید کے حوالے سے شاہی منظوری آگئی ہے۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ ایوان شاہی نے شیخ صالح بن حمید کو یوم عرفہ کا خطبہ دینے کی ذمہ داری تفویض کی ہے۔مکہ مکرمہ میں حج سیزن 1446 ہجری کے لیے عازمین کو مستقل بنیادوں پر پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سقیا الحجاج منصوبے کا افتتاح کردیا گیا۔

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ادارہ سقیا الما کے ریجنل ڈائریکٹر عائض بن عبداللہ کا کہنا ہے اس سال منصوبے کے مطابق ایام حج میں ضیوف الرحمان کو ڈیرھ کروڑ ٹھنڈے پانی کی بوتلیں تقسیم کی جائیں گی۔

ادارہ سقیا کی جانب سے مکہ مکرمہ کے داخلی راستوں کو حدود حرممیقات اور ایئرپورٹ پر ایام حج کے دوران پانی کی بوتلوں کی مستقل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ پانی کی بوتلوں کی ترسیل کے لیے بھی نیٹ ورک مکمل ہے۔