بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو نیست و نابود کر دیا جائےگا،کورکمانڈر ز کانفرنس

راولپنڈی:فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس نے پاکستان کی سلامتی ہر صورت یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتشار اور خوف کی فضا پیدا کرنے کے لیے بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو قومی عزم اور مکمل استعداد کے ساتھ نیست و نابود کر دیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔بیان میں کہا گیا کہ کانفرنس کا آغاز آپریشن بنیان مرصوص اور بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردی کے حملوں میں شہید ہونے والوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیزکے ذریعے کی گئی، جس کے نتیجے میں چار معصوم بچے اور دو بے گناہ افراد شہید ہو ئے۔فورم نے نہتے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو انسانیت کے بنیادی اصولوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً اور قابل مذمت خلاف ورزی قرار دیا۔کورکمانڈرز کانفرنس میں معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے بھارت کی بلا اشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا ۔ فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی اسٹریٹجک وڑن، غیر متزلزل قیادت اور قومی دفاع کے لیے ان کی مو¿ثر اور گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا۔فورم نے جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارک باد پیش کی۔کورکمانڈرز کانفرنس میں اندرونی اور بیرونی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور فورم نے خاص طور پر ‘معرکہ حق’ کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے، آپریشن ‘بنیان مرصوص’ کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔