بھارتی انتہا پسند وں کا بلوچستان میں مداخلت کا بڑا ثبوت سامنے آ گیا

راولپنڈی :بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کا بلوچستان میں مداخلت کا بڑا ثبوت سامنے آگیا۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ بھارتی حکومت اور انتہا پسند ہندو بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، حکومت پاکستان اور مسلح افواج اس حوالے سے کئی بار شواہد ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کے سامنے پیش کرچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اب خود بھارت میں ہندوتوا نظریے کے حامل شخص نے یہ اقرار کیا ہے، بھارت کی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والا ہندوتوا گروپ کا رکن بلوچستان آرمی کا ایکس اکاؤنٹ چلاتا ہے۔بھومیہار ساگر نامی ہندوتوا گروپ کے رکن نے ایکس سے اپیل کی ہے کہ مجھے یہ جان کر مایوسی محسوس ہوئی کہ میرا ذاتی اکاؤنٹ غیر مستند قرار دے کر معطل کر دیا گیا ہے۔

بھومیہار ساگر نے کہا کہ میں تصدیق کرتا ہوں کہ یہ اکاؤنٹ واقعی میرا ہے، میں بھومی ہار ساگر ہوں، جو اس پلیٹ فارم پر اپنی زندگی، خیالات اور تجربات شیئر کرتا رہا ہوں، براہ کرم میری شناخت کا جائزہ لے کر اکاؤنٹ بحال کیا جائے۔

دفاعی ماہرین نے کہا کہ بھومیہار ساگر کا یہ اقرار ثابت کرتا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کیلئے فتنہ الہندکی سہولت کاری بھارت سے ہوتی ہے، اس اپیل سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ بھومیہار ساگر بلوچستان میں ہندوستانی دہشت گرد پراکسیوں کیلئے کام کرتا ہے۔

ادھر بھارت اور فتنہ الہند کی بلوچستان میں دہشت گردی اور گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا، جنگی محاذ پر شکست کے بعد بھارت نے نیا پروپیگنڈا شروع کر دیا۔جعفر ایکسپریس واقعے کی ویڈیو نشر کر کے بھارتی چینلز کی جانب سے دہشت گردوں کی پشت پناہی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی ٹی وی چینل میں بی ایل اے کی ویڈیو دکھا کر دہشت گردانہ کارروائیوں کو نہ صرف سپورٹ کیا جا رہا ہے بلکہ دہشت گردی کو کھلے عام دکھایا جا رہا ہے۔

بھارت نے ہار تسلیم کرنے کے بجائے دہشت گردی کو سہارا بنا لیا اور پاکستان کے خلاف نفرت پھیلانے کی نئی چال چل رہا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملے کی تشہیر سے بھارت کا دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا ہے، بھارتی چینلز پر بی ایل اے کی پرانی ویڈیو نشر کر کے دہشت گردی کی سرِعام پشت پناہی کی جا رہی ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا تھا کہ نام نہاد بی ایل اے، بھارت کا تیار کردہ فتنے کا بیج ہے جو پاکستان کے امن کو جڑ سے اکھاڑنا چاہتا ہے۔ بی ایل اے بھارت کا پراکسی نیٹ ورک، معصوم پاکستانیوں کا قاتل اور مودی کا آلہ کار ہے۔