جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم ڈاکٹر مفتی نعمان نعیم نے ممتاز عالمِ دین اور اتحادِ امت کے علمبردار، علامہ ساجد میر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ ساجد میر کا انتقال ملک و ملت کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے، جس سے دینی، علمی اور فکری حلقے شدید صدمے سے دوچار ہیں۔
ڈاکٹر نعمان نعیم نے کہا کہ مرحوم نے ہر قومی و بین الاقوامی فورم پر دین اسلام کا علم بلند رکھا اور ہمیشہ اتحادِ امت، اعتدال پسندی اور علمی بصیرت کے فروغ کے لیے کوشاں رہے۔
ان کی رحلت سے عالمِ اسلام ایک مدبر، مخلص اور اصول پسند شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ ساجد میر کی دینی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، جن کا خلا مدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ آمین!