لندن میں نوجوان فلسطینی پرچم تھامے تاریخی ٹاور پر چڑھ گیا

لندن: لندن میں نوجوان فلسطینی پرچم تھامے تاریخی ٹاور پر چڑھ گیا، فلسطینی پرچم تھامے نوجوان کو بگ بین کلاک ٹاور سے کرین کے ذریعے 16 گھنٹے بعد نیچے اتار لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کو بحفاظت نیچے اتارنے کے بعد پولیس کی جانب سے گرفتار کر لیا گیا ہے، حراست میں لیے گئے نوجوان نے فلسطین کا پرچم تھام رکھا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یہ نوجوان فلسطینی پرچم تھامے بگ بین ٹاور پر چڑھ گیا تھا، نوجوان نے فلسطین کی آزادی اور اسرائیل مخالف نعرے بھی لگائے تھے ، اس موقع پر بگ بین ٹاور کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئیں، پولیس، فائر بریگیڈ اورایمبولینس کی گاڑیاں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ہنگامی سروسز کی کم از کم 9 گاڑیاں برج سٹریٹ، سینٹرل لندن میں قطار میں کھڑی تھیں جب کہ عوام پولیس کے قائم کردہ گھیرے کی دوسری طرف سے یہ منظر دیکھ رہے تھے۔مذکورہ شخص نے مخصوص انداز میں احتجاج ریکارڈ کرا کر فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور برطانیہ میں احتجاج مخالف قوانین میں اصلاحات کا مطالبہ کیا۔