راولپنڈی/بنوں/اسلام آباد:سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے کینٹ میں بزدلانہ دہشت گرد حملہ ناکام بنا کر 16 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جبکہ شدید جھڑپ کے دوران 5 بہادر فوجی مادر وطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق خوارجی عناصر نے بنوں کنٹونمنٹ پر دہشت گرد حملے کی کوشش کی، حملہ آوروں نے کنٹونمنٹ کی سیکورٹی توڑنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے حملہ کرنے والے تمام 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا،ہلاک دہشتگردوں میں4 خودکش حملہ آور بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید جھڑپ میں5 بہادر جوان دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو گئے جبکہ خودکش دھماکوں سے چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، دھماکوں اور فائرنگ سے قریب واقع ایک مسجد اور ایک رہائشی عمارت شدید متاثر ہوئیں،مسجد اور عمارت کے متاثر ہونے سے 13بے گناہ شہری شہید اور32 زخمی ہو گئے۔
شہداء میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،آئی ایس پی آر نے کہاکہ خفیہ اطلاعات سے ثابت ہوا ہے کہ حملے میں افغان شہری ملوث تھے، شواہد ہیں حملے کی منصوبہ بندی اور قیادت افغانستان میں موجود خوارج سرغنوں نے کی۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان توقع کرتا ہے کہ افغان عبوری حکومت اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی، توقع ہے افغان حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے گی، پاکستان سرحد پار سے آنے والے خطرات پر ضروری اقدامات کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں،ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کومزید تقویت دیتی ہیں،ہر قیمت پر اپنی قوم کی حفاظت کیلئے ہمارا عزم مضبوط ہے۔
دہشت گرد حملے کے شہدا میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں۔گھر کے سربراہ خلیل نواز کا کہنا ہے کہ افطار کے وقت ایک دھماکے کے بعد دوسرا دھماکا ہوا جو زیادہ شدید تھا، کمرا گر گیا اور ملبے تلے دب کر ان کی چار بیٹیاں، ایک بیٹا اور ایک بہو شہید ہوئے۔دھماکے میں شہید 13 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ بنوں اسپورٹس کمپلیکس میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں سیاسی رہنماؤں، مشران اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ میں دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلے کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے 5 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے جوانمردی سے خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔
جاری بیان میںصدر مملکت نے کہا کہ مزاحمت کے دوران 4 خودکش حملہ آوروں سمیت 16 دہشتگردوں کا خاتمہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے واقعے میں 5 جوانوں سمیت معصوم شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے شہدا کیلئے بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے دہشتگردی کے واقعے کے زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں چھاؤنی پر ناکام حملے میں ملوث فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین اور دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکورٹی فورسز کے 5 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
جاری بیان میںوزیراعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی کی دعاکی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے بنوں چھاؤنی حملہ میں ملوث فتنہ الخوارج کے تمام 16 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا اور ملک کو ایک بڑے نقصان سے بچایا۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں،پوری قوم مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔
ہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بنوں کینٹ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 6 1خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے پر سیکورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم کو سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر ناز ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ دکھ کی گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔