حرمین شریفین میں56لاکھ افطار پیکٹ کا انتظام ،اعتکاف کیلئے رجسٹریشن کا اعلان

مکہ مکرمہ:الحرمین الشریفین انتظامیہ نے رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام کے زائرین کے لیے 56لاکھ افطار پیکٹ کا انتظام کر رکھا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ مسجد الحرام اور اس کے صحنوں میں انتظامیہ کی تیاریوں میں33ہزار نماز کے کارپٹ، 20 ہزار زمزم کے کولر،11 ہزار سے زائد ملازمین، 10 ہزار دستی وہیل چیئرز اور 8 ہزار اسپیکرز شامل ہیں۔

اسی طرح مسجد نبوی کے اندر زائرین کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے 519 برقی زینے، 400 برقی گولف گاڑیاں، 236 نماز کے مقامات، 196 دروازے، 194 لفٹس اور 9.5 ہزار وضو خانے فراہم کیے گئے ہیں۔

رمضان کے دوران مہمانانِ رحمان کی خدمت کے لیے ادارے کی جامع کاوشوں میں 5 مقامات پر احرام کھولنے کے لیے مخصوص جگہیں، 2 سامان رکھنے کے مراکز، 6 مرکزی دروازوں پر سامان وصول کرنے کے مقامات اور 2 بچوں کی میزبانی کے مراکز شامل ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق عمرہ زائرین حفاظتی ٹیکے لگوا کر آئیں تاکہ وبائی امراض سے محفوظ رہیں، عمرہ کے سفر سے 10 روز قبل گردن توڑبخارکی ویکسین لگوانا ضروری ہے۔ اس ویکسینیشن سے وبائی مرض سے محفوظ رہنے میں کافی مدد ملتی ہے۔

اس کے علاوہ موسمی بخاراورانفلوئینزا سے بچا کی بھی ویکسینیشن پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معمر اور مریض افراد عمرہ روانگی سے 2 ہفتے قبل ویکیسنیشن ضرورکروائیں۔سعودی وزارت صحت نے مزید کہا کہ ویکیسنیشن کروائیں تاکہ صحت مند رہ کر عمرہ آسانی اوریکسوئی سے کرسکیں۔

مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی دیکھ بھال کے لیے قائم جنرل اتھارٹی نے رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کے لیے رجسٹریشن کا آغاز بدھ 5 مارچ سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق الحرمین الشریفین کے لیے قائم جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجدالحرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہشمند بدھ 5 مارچ صبح گیارہ بجے سے اتھارٹی کے پورٹل پر اپنے کوائف رجسٹرکراسکتے ہیں۔

اتھارٹی سرکاری پورٹل کے ذریعے رجسٹرڈ افراد کیلیے مقرر کردہ ضوابط اور شرائط کے مطابق اجازت نامے جاری کرے گی۔پرمٹ ہولڈر 20 رمضان کو مسجد الحرام یا مسجد نبوی میں اعتکاف میں بیٹھ سکیں گے۔