رمضان المبارک سے قبل ہی ناجائز منافع خوروں نے چینی مہنگی کر دی

اسلام آباد: حکومت چینی کی قیمتوں کو کنٹرول میں ناکام ہوگئی ، مختلف شہروں میں قیمت 165 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ۔ چینی کی قیمتوں سے متعلق تازہ اعدادوشمار کے مطابق کئی شہروں میں چینی فی کلو 160 سے 165 روپے میں فروخت ہونے لگی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق اسلام آباد، پشاور کے شہری سب سے زیادہ مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں، دونوں شہروں میں فی کلو چینی کی قیمت 165 روپے،جبکہ ملک کے دیگر شہروں میں فی کلو چینی کی قیمت 160 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

راولپنڈی، لاڑکانہ، کراچی میں فی کلو چینی 160 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ لاہور ،ملتان اور کوئٹہ میں بھی چینی 155 روپے فی کلوتک میں دستیاب ہے۔ سیالکوٹ میں 158، فیصل آباد میں فی کلو چینی 155روپے میں دستیاب ہے ۔ خضدار میں 158 بنوں میں چینی کی فی کلو قیمت بھی 155 روپے تک پہنچ گئی ہے، اس کے علاوہ حیدرآباد اور سکھر میں چینی 150 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔

ادھررمضان المبارک سے قبل دالیں اور چاول کی قیمتوں میں کمی دیکھی جارہی ہے، جس کی وجہ بھرپور کاشت اور برآمدات میں کمی بتائی گئی ہے، مسور کی دال کی قیمت 20 روپے کمی کے بعد 240 روپے فی کلو ہوگئی، چنے کی دال 290 روپے فی کلو سے کم ہوکر 272 روپے فی کلو ہوگئی۔اسی طرح مونگ کی دال ہول سیل میں 330 روپے سے کم ہوکر 300 روپے فی کلو تک ہوگئی ہے۔

درمیانے درجے کا چاول 150روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے، ٹوٹا چاول 150 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ملک بھر میں باسمتی چاول 250 روپے سے 275 روپے فی کلو ہول سیل میں دستیاب ہے۔

بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ چاول کی ایکسپورٹ مزید کچھ عرصہ بند رہی تو قیمتیں مزید کم ہوجائیں گی، مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس بار چاول کی فصل کی بھرپور کاشت ہوئی ہے، بڑی مقدار میں چاول بیرون ملک فروخت کرنے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا، تاہم اب قیمتیں کچھ کم ہوئی ہیں۔