جنوبی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی، 30 خوارج ہلاک

جنوبی وزیرستان : سیکورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 30 خوارج کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ضلع جنوبی وزیرستان کے شہری علاقے سروراگا میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے خوارج کے ٹھکانے پر مو¿ثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 30 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کی صورت میں خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے ۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی وزیرستان میں 30 خوارج ہلاک کرنے پر فورسز کو خراج تحسین کیا اور ان کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ صدر اور و زیر اعظم نے کہا کہ فورسز دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کیلیے کاروائیاں کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنہ الخوارج کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں گی۔