کراچی: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تیاریوں کے مراحل کا آغاز ہوچکا ہے۔اس اہم مرحلہ میں لاکھوں شرکائے امتحان کے پرچوں کی جانچ پڑتال کا عمل چاروں صوبوں میں یکساں طرز پر ہورہا ہے۔
جس کیلئے ملک بھر سے تین ہزار چھ سوسے زائد تجربہ کار مدرسین و معاونین کا انتخاب کیا گیا۔جانچ پڑتال کے آغاز پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الاسلام مولانا مفتی محمد تقی عثمانی نے جامعہ دارالعلوم کراچی میں کلیدی خطاب کیا جو دیگر تین صوبوں میں بھی آن لائن نشر کیا گیا
اپنے خطاب میں انہوں نے علما ومدرسین کے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ بڑی ذمہ داری ہے،اس ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ دیانت و امانت اور شفافیت کی مثالی روایت کو برقرار رکھیں اور لاکھوں طلبا و طالبات نے جس محنت و تند دہی سے پرچے دئیے ہیں ان کی محنت کے ثمرات نتائج کی صورت میں اب آپ کے ہاتھ میں ہیں۔
اس موقع پر وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے نائب صدر مولانا سید سلیمان بنوری،ناظم سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی،رکن امتحانی کمیٹی مولانا راحت علی ہاشمی، مفتی محمد زکریا سمیت چوبیس ممتحن اعلیٰ اور چھ سو سے زائد ممتحنین علما شریک تھے۔ ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری نے بیرون ملک سے اپنے آن لائن خطاب میں کہا کہ ہمارے بڑوں نے برسوں قبل جو مثالی قواعد مرتب کئے ہیں اسی کے تحت نتائج کی تیاری کے اس اہم مرحلہ کو انجام دیا جارہا ہے،ان تمام ضوابط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس العربیہ مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق ملک کے چاروں صوبوں میں جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔صوبہ پنجاب میں جامعہ خیر المدارس ملتان میں ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری کی زیر سرپرستی میں انتیس متحتن اعلیٰ،معاونین کے علاہ آٹھ سو ستر ممتحنین شریک ہیں۔جبکہ معاون خصوصی اور خدام سمیت مجموعی تعداد بارہ سو سترہافراد پر مشتمل ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں اکیس ممتحن اعلی،چھ سو چھیالیس معاون خصوصی و معاونین اور خدام کی مجموعی تعداد نو سو چارہے۔صوبہ سندھ میں صدر وفاق مولانا مفتی محمد تقی عثمانی و نائب صدر مولانا سید سلیمان بنوری کی سرپرستی اور ناظم سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی کی نگرانی میں جامعہ دارالعلوم کراچی میں چوبیس ممتحن اعلیٰ،چھ سو چالیس ممتحنین سمیت معاون خصوصی و معاونین اور خدام کی مجموعی تعداد آٹھ سو اٹھانوے ہے۔
صوبہ بلوچستان میں جامعہ امدادیہ سریاب روڈ کوئٹہ میں مولانا عبدالرزاق زاہد کی نگرانی میں مولانا نور المتین،مولانا عبدالرحیم حسنی،رکن عاملہ مولانا حسین احمد،مفتی حفیظ اللہ سمیت چودہ ممتحن اعلیٰ،چار سو بائیس ممتحنین سمیت معاون خصوصی و معاونین اور خدام کے مجموعی طور پر پانچ سو نوے افراد مصروف عمل ہیں۔