لاہور:وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی باکو میں وزیر اعظم آذربائیجان سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے ، دوستانہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں طے پایا کہ پاکستان کے شعبہ موٹرویز میں سرمایہ کاری کیلئے آذربائیجان سے اعلیٰ سطح کا وفد اسی ماہ اسلام آباد آئے گا ۔
وفاقی وزیرسرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان کا پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کا مشن۔ دوست ملک آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط تر بنانے کے لیے باکو میں وزیراعظم علی اسدوف کے ساتھ ملاقات کی ۔ دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ۔ آذربائیجان کابینہ کے ارکان کا مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔ دوطرفہ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے مختلف امور زیربحث آئے۔وزیر اعظم آذربائیجان نے کہا گزشتہ سال کے دورہ پاکستان سے باہمی تعاون میں اضافہ ہوا ۔ پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے آذربائیجان ہمیشہ محبت اور اخوت کا پیغام رکھتا ہے۔ وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کا کہنا تھا پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں تک زمینی تجارتی راہداری اور روڈ نیٹ ورک کا خواہشمند ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف بھی اسی ماہ آذربائیجان اور وسط ایشیائی ریاستوں کا دورہ کریں گے ۔اعلامیہ کے مطابق انتہائی خوشگوار ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان میں موٹرویز میں سرمایہ کاری کیلئے آذربائیجان کا اعلیٰ سطح کا وفد اسی ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وزیراعظم آذربائیجان نے وفاقی وزیرعبدالعلیم خان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے مختلف معاہدوں پر عملی پیشرفت کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ عبدالعلیم خان کا آذربائیجان کے وزیراعظم علی اسدوف سے شاندار مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا، دورہ آذربائیجان کو یادگار اور امید افزاقرار دیا ۔