کوئٹہ/لاہور : بلوچستان میں کوئٹہ سمیت شمالی اضلاع شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی 7، زیارت میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شمالی اضلاع میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے، کھلے مقامات پر کھڑا پانی جم گیا ہے، شدید سردی سے صبح اور رات کے اوقات میں معمولات زندگی متاثر، اور سڑکوں، بازاروں میں رش معمول سے کم رہنے لگا ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی شمالی اضلاع میں موسم شدید رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، جب کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیش تر اضلاع می موسم سرد اور خشک رہے گا۔
ادھرحافظ آباد میں دھند کے باعث تیز رفتار کار حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 5افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسیکو حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کے نتیجہ میں 3افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 4افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 2افراد جانبر نہ ہوسکے۔ریسیکو حکام نے بتایا کہ زخمی افراد کو ریسیکو 1122نے ٹراما سینٹر منتقل کیا اور لاشوں کو آر ایچ سی جلال پور بھٹیاں منتقل کردیا گیا ہے، مرنے والوں اللہ دتہ کی شناخت ہو چکی جو چینیوٹ کا رہائشی ہے۔ زخمیوں میں عرفان رشید کاشف اور قاسم شامل ہیں، حادثے کا شکار تمام افراد کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے ایک بار پھر شدید دھند کی لپیٹ میں آ گئے، حد نگاہ کم ہوگئی جبکہ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں ۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 پر فیض پور سے سمندری تک داخلہ ممنوع ہے۔اس کے علاوہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کی انٹری بند ہے۔حکام کے مطابق شدید دھند کے باعث کئی دیگر بڑی شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری موسم کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، دوران سفر گاڑی آہستہ چلائیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 100 فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے، آئندہ ہفتے شہر لاہور میں بارش برسنے کے امکانات موجود ہیں۔
شدید دھند کے باعث زمینی اور فضائی آمدورفت متاثر رہی ، دھند کی وجہ سے متعدد پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ابو ظہبی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 431 ، دبئی سے لاہور آنے والی نجی ایئرلائن کی پرواز417 دھند کے باعث تاخیر کا شکار ہو گئیں۔پی آئی اے کی دوحہ سے لاہور آنے والی پرواز280 جبکہ جدہ سے لاہور آنے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز 734 ، جدہ سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز471 ، پی آئی اے کی دبئی سے لاہور آنے والی پرواز204 بھی بروقت لینڈ نہ کر سکیں ۔کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 524 ، کراچی سے لاہور آ نے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 406 تاخیر کا شکار رہی جبکہ لاہور سے جدہ جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز739 منسوخ کر دی ۔لاہور سے ابو ظہبی جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز 285 ، لاہور سے دبئی جانے والی پی آئی اے کی پرواز 203 جبکہ لاہور سے دبئی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز410 بھی بروقت سفر کا آغاز نہ کر سکیں۔