بزدار دور،ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان میں256ملین روپے کی کرپشن

لاہور:سرکاری دستاویزات میں تحریک انصاف کے دور میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیاں سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے ،پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی 2020-21کی آڈٹ رپورٹ میں ملتان کے سرکاری ہسپتالوں میں سامان کی غیر قانونی خریداری کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان نے ادویہ کی خریداری کیلئے256 ملین روپے وصول کرنے کے باوجود ادویات کی خریداری نہیں کی ۔
پنجاب اسمبلی میں جمع آڈٹ رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان نے مالی سال 2020.21 میں ہی 71 ملین روپے کی متفرق سامان کی غیر قانونی خریداری کی، 71 ملین روپے کی خریداری کے متفرق سامان کیلئے ٹینڈرز بھی جاری نہیں کیے گئے ۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ملتان نے 256 ملین روپے جاری ہونے کے باوجود سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے نادار مریضوں کیلئے ادویہ کی خریدی نہ کی ۔آڈٹ ڈیپارٹمنٹ نے سنگین غفلت کی وضاحت کیلئے ڈسٹرکٹ آڈٹ کمیٹی کا اجلاس بلانے کی کئی بار ہدایت جاری کیںلیکن ڈسٹرکٹ آڈٹ کمیٹی کا اجلاس ہی نہ بلا یا گیا۔پبلک اکائونٹس کمیٹی نے دونوں کیسوں کی تحقیقات شروع کردیں۔