اسلام آباد : وزیر اعظم نے پولیو کے خاتمے کیلئے قوم سے مدد مانگ لی، سال 2025 کی پہلی پولیو مہم کا افتتاح، وزیراعظم نے افتتاحی تقریب کے دوران بچوں کو قطرے پلا کر رواں سال کی پہلی مہم کا افتتاح کردیا۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اسلام آباد میں سال 2025 کی پہلی انسداد پولیو مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ مربوط حکمت عملی اور مشترکہ کاوشوں سے سے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے افتتاحی تقریب میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ مہم پاکستان کے کروڑوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر نہ صرف اس مرض سے محفوظ کریں گے بلکہ پولیو کے خاتمے کے لیے ملک بھر میں پہنچ کر بہت بڑی قومی ذمہ داری نبھائیں گے اور پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر قیمت پر پولیو کا پاکستان سے خاتمہ کرنا ہے اور ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ انٹرنیشنل شراکت داروں اور ہماری اپنی ٹیم کے ذریعے کوآرڈینیشن ہے اور امید کی جانی چاہیے کہ باہمی تعاون اور سپورٹ کے ذریعے دونوں ممالک میں اس مرض کا خاتمہ ہوگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدقسمتی سے پچھلے سال پورے ملک میں پولیو کے تقریبا 77 کیسز سامنے آئے جو بہت بڑا چینلج تھا اور پولیو کے حوالے سے بہت بڑا سیٹ بیک تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ابھی تک ایک ماہ میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، کاش یہ ایک کیس بھی نہیں آتا۔
