بلوچستان میں حملہ ناکام،23دہشتگرد ہلاک،18سیکورٹی اہلکار شہید

قلات /راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 18 سیکورٹی اہلکار شہید ،فورسز کے جوابی ایکشن میں 23دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات کے علاقے منگوچر میں دہشت گردوں نے روڈ بلاک کرنے کی کوشش کی تاہم سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔

فورسز نے مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ اس دوران ایف سی بلوچستان کے 18 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں کا مقصد معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے بلوچستان کے امن کو خراب کرنا تھا۔ دہشت گردوں کی اس بزدلانہ کارروائی کے پس پردہ دشمن قوتوں کا ہاتھ ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ایف سی بلوچستان کے 18 جوانوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ اس دوران علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشنز بھی کیے جا رہے ہیں اور اس گھناو¿نے فعل میں ملوث افراد، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسزکی ضلع قلات واقعے کے بعدمختلف کلیئرنس آپریشنزجاری، ضلع ہرنائی میں کلیئرنس آپریشن کے دوران11دہشتگردمارے گئے، اوردہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق بلوچستان میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران23دہشتگردانجام کوپہنچے، سیکورٹی فورسزپاکستان بالخصوص بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔