اسلام آباد:بانی پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت سے جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔حکومت نے پی ٹی آئی کے اعلان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے پر نظر ثانی کا مشورہ دیا ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے 7 روز میں کمیشن بنانا تھا لیکن کوئی اعلان نہیں ہوا،
پی ٹی آئی کی مذاکرات کی خواہش تھی، حکومت کی طرف سے تعاون نہ کرنے پر مذاکرات ختم کئے۔انہوں نے کہاکہ آج تک کمیشن نہیں بنا اس لیے بانی نے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا، ان کا کہنا ہے کہ کمیشن کا اعلان نہ ہونے کی صورت میں مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے، 3 ججز پر مشتمل کمیشن بننے کی صورت میں مذاکرات کئے جاسکتے ہیں۔
دریں اثناءحکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات ختم نہ کرنے کا مشورہ دے دیا،حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو کہتے ہیں کہ کچھ دن ٹھہر جائیں، موسم خوشگوار ہونے دیں، مذاکرات ختم کرنے کا اعلان افسوسناک ہے، ہماری اپیل ہو گی آپ مذاکراتی عمل کو نہ چھوڑیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹرعرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات ختم کرنے کے اعلان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کی لاجک سمجھ نہیں آئی کہ وہ 5 دن انتظار نہیں کرسکتے، ہم سمجھتے ہیں کہ انہیں اب بھی اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہے، ہماری اپیل ہو گی کہ وہ اس امر کو نہ چھوڑیں، سیاست میں مذاکرات جمہوری عمل کا حصہ ہوتے ہیں، اگر آپ سیاسی، جمہوری رویوں کے اندر رہنے اور مذاکرات کرنے کی صلاحیت نہیں ہے تو بھی آپ مذاکرات کی طرف آئیں۔