وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ٹرمپ کو خط لکھ دیا

اسلام آباد(اسلام ڈیجیٹل)وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکبا د دی ہے۔

اس سے قبل پیر کو نو منتخب امریکی صدر کی جانب سے حلف اٹھائے جانے کے بعد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر اپنے ایک ٹویٹ میں تہنیتی پیغام میں صدارتی عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے ‘ایکس’ پر اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ ‘وہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کرامریکا اور پاکستان کی دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے متمنی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے مزید لکھا تھا کہ یہ 2 عظیم ملک برسوں سے اپنے لوگوں کے لیے خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کررہے ہیں اور ہم یہ تعاون مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔

جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 20 جنوری کو نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد کا باضابطہ خط بھیجا اور اس کے ساتھ ساتھ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی نئے امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کو مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔