جب تک قیادت علماء کے ہاتھ تھی امت جڑی ہوئی تھی، مولانا فضل الرحمان

ملتان(اسلام ڈیجیٹل)جمعیت علما ئے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب تک مسلمانوں کی قیادت علما کے ہاتھ میں تھی امت جڑی ہوئی تھی، اب جن لوگوں کے ہاتھ میں سیاست آئی تو خونریزی شروع ہوگئی۔
علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست میں فتنہ، فساد، نفرت اور لڑائیاں چل رہی ہیں، سیاسی محاذ پر ہم نے لوگوں کو سمجھانا ہے، ہم قوم کو جوڑنے اور انسانیت کی بات کرتے ہیں۔ ہمارا ایک پارلیمانی کردار ہے، آئین اور پارلیمان ہمارا ہے، 26 ویں ترمیم میں مسودہ دکھایا تو وہ کالا ناگ تھا، مسودے میں سب سے پہلا حملہ آرٹیکل 8 پر ہوا۔ ہم نے دلیل کی جنگ لڑی اور 34 شقوں سے حکومت کو دستبردار کرایا۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو اس لیے زیر عتاب لایا جاتا ہے کہ لوگوں کو لڑاتے کیوں نہیں ہو۔ہم 21ویں صدی میں جارہے ہیں، 19ویں سے لے کر 20ویں صدی کے وسط تک جب تک برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت علمائے کرام کے ہاتھ میں تھی تو کوئی ایک مثال پیش کردیں جس میں کوئی فساد ہو یا قوم آپس میں لڑی ہو، ان کی قیادت میں مکمل امن تھا اور امت جڑی ہوئی تھی۔