اسلام آباد(اسلام ڈیجیٹل)ایشیائی ترقیاتی بینک نے وبائی امراض سے نمٹنے میں پاکستانی صلاحیت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور مستقبل میں وبائی امراض اور دیگر قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مالی تیاریوں کے نظام کوموثربنانے کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے کہاہے کہ اس مقصد کے لئے نئے مالیاتی آلات اور حکمت عملیوں کو متعارف کرانا وقت کی ضرورت ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری رپورٹ میں پاکستان میں وبائی اور وبا جیسے امراض کے تناظرمیں مالیاتی خطرات کے لیے بہتر تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ کورونانے پاکستان کے صحت اور معیشت دونوں پر گہرے اثرات ڈالے ہیں، رپورٹ میں صحت کے نظام میں سرمایہ کاری بالخصوص صوبائی امراض کے خطرے کو کم کرنے کے لیے صحت کے نظام میں ڈیٹا رپورٹنگ کو بہتر بنانے اور نجی شعبے کو شامل کرنے کی ضرورت پرزودیاگیا ۔رپورٹ میں کورونا سے حاصل کردہ ڈیٹا کو استعمال کرتے ہوئے مستقبل کے لیے بہتر ماڈلنگ اور تیاریوں، بین الاقوامی انشورنس اور دیگر مالیاتی آلات استعمال کرنے کی ترغیب اورقومی اور صوبائی سطح پر صحت کیلئے ہنگامی فنڈز قائم کرنے کی سفارش کی گئی ۔رپورٹ میں ایس ایم ایز اور معاشی طورپرکمزورطبقات کے لیے مالیاتی تحفظ کے ضمن میں نئی سکیموں کی ضرورت پربھی زوردیاگیاہے۔
