بنگلا دیش کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جدہ روانگی کے دوران یو ایس بنگلا ائیر کی پرواز بی ایس 361 میں فنی خرابی کے باعث پائلٹس نے ٹیک آف منسوخ کرکے ہنگامی صورتحال کا اعلان کیا اور عمرہ زائرین کو ہنگامی راستوں سے سلائیڈ کراکر باہر نکالا گیا۔
پائلٹس کے مطابق کاک پٹ میں آلات کی ریڈنگ میں فرق کے باعث ممکنہ مکینیکل خرابی کا الرٹ ظاہر ہوا جس پر پائلٹ نے حفاظتی اصولوں کے تحت پرواز روکنے کا فیصلہ کرکے اچانک بریک لگانے اور رن وے پر پہیوں کے درمیان رگڑ کی وجہ سے لینڈنگ گیئر کے قریب دھواں پیدا ہوا۔ جس سے پرواز میں آگ کا تاثر پیدا ہوا۔
ائیر لائن نے واضح کیا کہ طیارے کے انجن، پہیوں، لینڈنگ گیئر یا کسی اور حصے میں آگ نہیں لگی تھی، احتیاطاً پہیوں کو ٹھنڈا کرنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔
ائیربس اے 330 طیارے میں 420 مسافر سوار تھے جنہیں بحفاظت ٹرمینل میں پہنچا دیا گیا اور ائیرلائن نے مسافروں کو جدہ روانہ کرنے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا۔



