کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور سی ٹی ڈی (سندھ) کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے گلبائی شیر شاہ میں فتنہ الخوارج کے انتہائی مطلوب دہشتگرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی گئی جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی شناخت ضیاالرحمن عرف سیف اللہ کے نام سے ہوئی، دہشتگرد سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا۔
ہلاک دہشتگرد ضیاالرحمن عرف سیف اللہ کا تعلق باجوڑ خیبر پختونخوا سے تھا۔ ہلاک دہشتگرد پاکستان آرمی اور ایف سی کے کیمپوں پر متعدد حملوں اور دہشتگردی کی دیگر کئی کاروائیوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد نے 2006 میں فتنہ الخوارج کے درویش عرف باندی وان گروہ میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں باجوڑ میں واقع ٹریننگ کیمپ میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کی۔ اس کے بعد 2006 سے 2008 تک دہشتگرد فتنہ الخوارج کے کمانڈر فقیر محمد کے خفیہ ٹھکانوں پر پکٹ ڈیوٹی بھی کرتا رہا۔
سن 2007 میں ہلاک دہشتگرد اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ رکشا باجوڑ میں واقع پاکستان آرمی کے کیمپ پر حملہ کرنے کے ساتھ ساتھ اسی طرح کے دیگر کئی حملوں میں ملوث تھا، 2012 میں ہلاک دہشتگرد آرمی آپریشن کے دوران افغانستان فرار ہوگیا تھا۔
افغانستان جانے کے بعد دہشتگرد نے بندھار درا، ننگر ہار میں واقع ایک کیمپ میں دہشتگردی کی مزید ٹریننگ حاصل کی اور بعد ازاں وہ افغان سرحد سے منسلک پاکستانی پوسٹوں پر ہونے والے کئی حملوں میں ملوث رہا۔ ہلاک دہشتگرد حال ہی میں افغانستان سے کراچی رہائش پذیر ہوا اور کراچی میں حساس مقامات پر دہشتگردی کی کاروائیوں کے لیے اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔
ترجمان کے مطابق عوام سے اپیل ہے کہ دہشتگردی کی روک تھام کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101، سی ٹی ڈی ہیلپ لائن 1022 (ایکسٹنشن 4) یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

