برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی حکومت سے منسلک ہیکرز نے گزشتہ ماہ ایک سائبر حملے کے ذریعے برطانیہ کے ایک پاور پلانٹ کو چار روز تک مکمل طور پر بند رکھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ایرانی ہیکرز برطانیہ کی کسی پاور تنصیب کو کامیابی سے غیر فعال کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر متاثرہ پاور پلانٹ کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم حملے کے بعد پلانٹ چار دن تک بند رہا جبکہ تکنیکی عملہ مسلسل نظام بحال کرنے میں مصروف رہا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے برطانیہ کے مجموعی بجلی کے نظام پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑا۔
دی ٹیلی گراف کے مطابق ماہرین کا خیال ہے کہ اس حملے کا مقصد برطانیہ کے حساس انفراسٹرکچر تک رسائی کی صلاحیت کا مظاہرہ کرنا تھا، جبکہ یہ واقعہ امریکا میں پانی کی فراہمی کے نظام پر ہونے والے حالیہ سائبر حملوں کے دوران پیش آیا، جس نے مغربی ممالک میں سائبر سیکیورٹی سے متعلق خدشات مزید بڑھا دیے۔

