آبی سلامتی کو خطرہ، عالمی قانونی فورمز پر رجوع کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: ملکی آبی سلامتی کو خطرات کے پیش نظر عالمی قانونی فورمز پر رجوع کرنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاکستان کے پانی کے حق کے تحفظ سے متعلق قانونی جنگ کے لیے چناب بیاس لنک ٹنل کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔ عدالت سے انڈس واٹرز ٹریٹی پر فوری عملدرآمد کے لیے عالمی قانونی فورمز سے رجوع کی درخواست کی گئی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر 16 ستمبر کو جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی اس درخواست پر سماعت کریں گے۔ رجسٹرار آفس نے کیس 16 ستمبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی کاز لسٹ جاری کردی ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس معاملے پر وفاقی حکومت سے تفصیلی جواب طلب کر رکھا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ انڈس واٹرز ٹریٹی پر فوری عملدرآمد کے لیے حکومت عالمی قانونی فورمز سے فوری رجوع کرے۔

درخواست میں پاکستان کے پانی کے تحفظ کے لیے عدالتی مداخلت کی استدعا بھی کی گئی ہے۔ درخواست میں مقف اختیار کیا گیا کہ بھارت کا چناب کا پانی موڑنے کا منصوبہ پاکستان کے لیے سنگین خطرہ ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی آبی سلامتی خطرے میں ہے۔ درخواست میں حکومت کی خاموشی کو بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس معاملے پر عدالتی مداخلت کی استدعا کی گئی ہے۔