کراچی سے اہم خارجی دہشت گرد گرفتار

کراچی کے علاقے جیکب لائن میں رینجرز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مبینہ دہشت گرد شہزاد عرف ڈنگر کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم کا تعلق فتنہ الخوارج کے منصور گروپ سے بتایا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق گروہ کا سربراہ دہشت گرد منصور ماضی میں کنواری کالونی اور منگھوپیر کے علاقوں میں مقیم رہا، تاہم کراچی آپریشن کے دوران وہ وزیرستان فرار ہو گیا تھا۔

رینجرز کے مطابق شہزاد عرف ڈنگر مبینہ طور پر 2025ء میں منصور کی ذہن سازی کے بعد گروپ میں شامل ہوا اور اس نے منگھوپیر میں مختلف افراد کو فنڈنگ کے لیے آمادہ کیا۔ ملزم کے وزیرستان جا کر دہشت گرد منصور سے خفیہ ملاقاتوں کا بھی انکشاف کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی اداروں کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ نیٹ ورک سے متعلق اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔