طویل المدتی معاہدے کے تحت قطر سے پاکستان کے لیے روانہ ہونے والی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی کھیپ، جو 31 جولائی کو آبنائے ہرمز سے واپس موڑ دی گئی تھی، پیر کے روز پاکستان پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق ایل این جی بردار جہاز “الاریش” صبح تقریباً 11:30 بجے پاکستان گیس پورٹ لمیٹڈ (PGPL) ٹرمینل پر لنگرانداز ہوا۔ جہاز میں 141,550 مکعب میٹر ایل این جی موجود تھی، جسے ٹرمینل پر اتارنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
یہ کھیپ قطر کے ساتھ طویل المدتی معاہدے کے تحت پاکستان کو فراہم کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس درآمد سے ملک میں گیس کی طلب پوری کرنے، توانائی کی فراہمی کو مستحکم رکھنے اور صنعتی و گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

