راولاکوٹ الیکشن دھرنے کے خاتمے سے مشروط

مظفر آباد:چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفی مغل نے کہا ہے کہ تین چار دنوں تک دھرنے کا حل نکلتا ہے تو 20یا21 اگست تک راولاکوٹ انتخاب ممکن ہوگا۔

مظفر آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر غلام مصطفی مغل نے کہا کہ سیکورٹی وجوہات پرباغ اور حویلی میں پہلے پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا، باغ اور حویلی کے لیے سیکورٹی پہنچ چکی ہے، پولنگ میٹریل کی ترسیل فوج کی نگرانی میں جاری ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن پر8 ہزاراہلکار تعینات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ9 اور10 اگست کو باغ و حویلی میں انٹرنیٹ بحال کرانے کی کوشش ہے، اگلے7دن میں راولاکوٹ میں پولنگ تاریخ کا اعلان کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنمائوں کے الزامات کا جواب میں بیان بازی نہیں کرسکتے،دھاندلی ہوئی یا نہیں یاکس نے کی، الیکشن مکمل ہونے پر حقائق سامنے لائیں گے، ووٹوں کی گنتی امیدواروں کے پولنگ ایجنٹ کی موجودگی میں کی جاتی ہے۔